بیجنگ،2؍ جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) انسانوں کے برڈ فلو کے ایچ10این3 شکل سے متاثرہونے کا پہلا معاملہ چین کے مشرقی صوبے جیانگسو میں سامنے آیا ہے۔ چین کے قومی صحت کمیشن نے منگل کو یہ معلومات دی۔
سرکاری سطح پر چلنے والے سی جی این ٹی ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ جین جیانگ شہر سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ مریض کی حالت مستحکم ہے اور اسے ہسپتال سے ڈسچارج کیا جاسکتا ہے۔
صحت کے حکام نے انفیکشن کو زیادہ توجہ نہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرغی سے انسانوں میں وائرس پھیلانے کا یہ ایک چھٹ پٹ معاملہ ہے اور یہ وبا پھیلنے کا خطرہ بہت کم ہے۔
قومی صحت کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 28 مئی کو مریض ایچ10این3 وائرس سے متاثر پایا گیا تھا۔ کمیشن نے یہ نہیں بتایا کہ یہ شخص کس طرح سے متاثر ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل انسانوں میں ایچ 10 این 3 کے انفیکشن کا واقعہ دنیا میں کہیں بھی نہیں آیا ہے۔ ایچ10این3 چکن سے پیدا ہونے والا برڈ فلو نسبتاً کم شدید شکل میں ہے اور بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خطرہ بہت کم ہے۔
چین میں برڈ فلو کی مختلف قسمیں ہیں، جن میں انسانوں کو کبھی کبھی متاثر ہونے کے واقعات پیش آتے ہیں۔